ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار کی خاتون کے ساتھ ٹریول ایجنٹ کا دھوکہ؛ سعودی عربیہ سے ڈپٹی کمشنر کومتاثرہ خاتون کی شکایت

کاروار کی خاتون کے ساتھ ٹریول ایجنٹ کا دھوکہ؛ سعودی عربیہ سے ڈپٹی کمشنر کومتاثرہ خاتون کی شکایت

Thu, 08 Sep 2016 23:48:24    S.O. News Service

کاروار 8/ستمبر(ایس او نیوز) سعودی عربیہ سے وہاٹس ایپ مسیج کے ذریعے ضلع شمالی کینر اکے ڈی سی کے پاس ایک خاتون نے اپنے ساتھ ہونے والی دھوکہ دہی کی شکایت درج کرتے ہوئے اسے مصیبت سے چھٹکارہ دلانے کی مانگ رکھی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شیرواڈ کی رہنے والی پورنیماراجیندرا باندیکر نے اپنی شکایت میں بتایا ہے کہ وہ کاروار میں ایک بیوٹی پارلر چلارہی تھی۔ اس دوران ممبئی کے سمیر نامی ایک ٹریول ایجنٹ نے اس سے رابطہ قائم کرکے بتایا کہ دبئی میں اس کے لئے بہتر ملازمت کاموقع ہے۔ مبینہ طور پر 24/مئی کو سمیر نے پورنیما اور اس کے شوہر سے دبئی روانگی کے لئے دہلی آنے کو کہا۔ اس کی بات پربھروسہ کرکے وہ لوگ دہلی چلے گئے۔ جہاں سے پورنیما کو دبئی بھیجا گیا۔ مگر پورنیما کا الزام ہے کہ اسے دبئی میں کوئی ملازمت نہیں دی گئی بلکہ وہاں سے سعودی عربیہ میں گھریلو ملازمہ کی نوکری کرنے کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔ اب اسے نئے مالک کے گھر میں ٹوائلیٹ تک صاف کرنا پڑ رہا ہے۔ چونکہ پورنیما کو انگریزی زبان نہیں آتی ہے اس لئے مالک کے ساتھ بات چیت کرنے میں بڑی دقت پیش آرہی ہے۔ اس کا الزام ہے کہ سعودی عربیہ میں اس کا مالک اس کی یہ بات سمجھنے کے لئے تیار ہی نہیں ہے کہ اسے دھوکے سے یہاں بھیجا گیا ہے اور وہ گھریلو ملازمہ کے طورپر کام کرنے کے لئے نہیں آئی ہے۔ پورنیما کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹریول ایجنٹ سمیر کا ٹیلی فون بھی بند ہے اور اس سے رابطہ نہیں ہوپارہا ہے۔

پورنیما نے ضلعی انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ اس کے معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے سرکاری سطح پر اسے راحت دلائی جائے۔پورنیما کی اس شکایت پر توجہ دیتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے محکمہ خارجی معاملات کے ریسیڈنشیل کمشنر سے رجوع کیاہے۔جس کے بعد مذکورہ کمشنر نے سعودی عربیہ میں ہندوستانی سفارت خانے سے رابطہ قائم کیا ہے۔اسی دوران پورنیما نے ایک اور اڈ یو مسیج بھیجا ہے جس میں اس کاکہنا ہے کہ سعودی میں اس کے مالک نے یہ مطالبہ رکھا ہے کہ اگر وہ واپس جانا چاہتی ہے تو پھر2.5لاکھ روپے ادا کرے۔

امید کی جاتی ہے کہ سرکاری مداخلت کے بعد ہندوستانی سفارت خانے کے ذریعے پورنیما کا مسئلہ جلد حل ہوجائے گا اور اسے دھوکے سے سعودی بھیجنے والے ایجنٹ اور اس میں ملوث دیگر افراد بھی قانون کے شکنجے میں آجائیں گے۔
 


Share: